آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر عراق کے مقدس روضہ جات سرخ روشنیوں سے منور

0

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی اطلاعات کے بعد عراق کے مقدس روضہ جات پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کر دی گئیں۔ شہادت کی خبر سے قبل ان مزارات پر معمول کی سفید روشنیاں موجود تھیں، تاہم اطلاع ملتے ہی پہلے روشنیاں بند کی گئیں اور بعد ازاں سرخ روشنیوں کا اہتمام کیا گیا جو سوگ اور مزاحمت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے، جس کے بعد ایران بھر میں 7 روزہ عام تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں سوگ کی تقریبات، سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور عوامی اجتماعات کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

عراق کے مقدس مقامات پر سرخ روشنیوں کی روایت خطے میں کسی بڑے سانحے یا اہم شخصیت کی شہادت کے بعد اپنائی جاتی ہے، جسے مزاحمتی بیانیے اور انقلابی یکجہتی کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس اقدام سے خطے میں جاری کشیدگی کے مذہبی اور سیاسی اثرات مزید گہرے ہونے کا امکان ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.