ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، پی سی بی کا قومی کرکٹرز پر فی کس 50 لاکھ روپے جرمانہ

0

لاہور — ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے فی کس 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی۔ ابتدائی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف شکست سے بال بال بچنے کے بعد گرین شرٹس نے امریکا کو تو شکست دی، تاہم روایتی حریف بھارت کے خلاف ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ سری لنکن کنڈیشنز اور اسپن بولنگ کو ٹیم کے لیے سازگار سمجھا جا رہا تھا۔

پاکستان نے نمیبیا کو ہرا کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ تو بنا لی، لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا جبکہ انگلینڈ سے شکست نے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔ بعد ازاں انگلینڈ کی کیویز کے خلاف فتح سے پاکستان کے امکانات تو روشن ہوئے مگر سری لنکا کے خلاف کم مارجن سے کامیابی کے باعث رن ریٹ بہتر نہ ہو سکا اور قومی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق بھارت سے شکست کے فوراً بعد ہی کھلاڑیوں کو جرمانے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ بورڈ حکام نے واضح کیا کہ بہتر کارکردگی پر انعام اور خراب کھیل پر سزا دونوں یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی بھاری معاوضے حاصل کرتے ہیں۔ اے کیٹیگری کے پلیئرز کو ماہانہ تقریباً 45 لاکھ روپے جبکہ آئی سی سی ریونیو شیئر کی مد میں 20 لاکھ 70 ہزار روپے ملتے ہیں، جبکہ بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کا ماہانہ معاوضہ 30 لاکھ روپے اور آئی سی سی شیئر 15 لاکھ 52 ہزار 500 روپے ہے۔

ٹیم کی کارکردگی پر شائقین کے ساتھ ساتھ بورڈ حکام کی جانب سے بھی شدید مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور آئندہ سیریز میں بہتر نتائج کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.