خلیجی ممالک کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، جی سی سی وزارتی کونسل
ریاض – خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی وزارتی کونسل نے خلیجی ریاستوں کے کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے حق کی باقاعدہ توثیق کر دی۔ کونسل کا 50 واں غیرمعمولی اجلاس وڈیو لنک کے ذریعے بحرینی وزیر خارجہ اور کونسل کے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب، عمان، قطر اور کویت پر 28 فروری کو شروع ہونے والے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور شہری تنصیبات اور رہائشی علاقوں پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
وزارتی کونسل نے ایران کے ان حملوں کو رکن ممالک کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا اور جی سی سی ممالک کے درمیان مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی رکن ریاست پر حملہ تمام جی سی سی ممالک پر براہِ راست حملے کے مترادف ہوگا۔
کونسل نے رکن ممالک کی مسلح افواج اور فضائی دفاعی نظام کی کارکردگی کی تعریف کی، جنہوں نے میزائل اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اثرات کو کم کرنے کے لیے اعلیٰ اقدامات کیے۔ اجلاس میں سلامتی، امن و استحکام، شہریوں کے تحفظ اور جارحیت کا جواب دینے کے اقدامات کو ضروری قرار دیا گیا۔
مزید برآں اجلاس میں خطے میں فضائی و بحری سلامتی، سمندری گزرگاہوں کے تحفظ، سپلائی چین کی حفاظت اور عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ایران کے حوالے سے عمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ جی سی سی نے ہمیشہ مذاکرات اور تنازعات کے حل کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس کے آخر میں وزارتی کونسل نے حملوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کے جلد صحتیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔