ترکیہ کا ایران میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ، امن کیلئے سفارتی کردار کی پیشکش
انقرہ – ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ایران میں جاری حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ خطے میں خونریزی کے خاتمے اور جنگ بندی کے حصول کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
صدارتی بیان کے مطابق اردوان نے کہا کہ ترکیہ امن کے ساتھ کھڑا ہے اور چاہتا ہے کہ ایران میں جاری تشدد فوری طور پر ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن قائم ہونے تک ترکیہ اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی شہریوں خصوصاً معصوم بچوں کی تکالیف پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی المیے کا خاتمہ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انقرہ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بڑے پیمانے پر تصادم کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے اور متعدد ممالک جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دے رہے ہیں۔