ریجیم چینج پر یقین نہیں رکھتے، ایران پر حملوں میں براہِ راست شامل نہیں ہوئے: برطانوی وزیراعظم

0

لندن – برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ برطانیہ کسی بھی ملک میں فضائی حملوں کے ذریعے حکومت کی تبدیلی (ریجیم چینج) کے نظریے کی حمایت نہیں کرتا، اسی لیے ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں میں براہِ راست شرکت کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ایسے کسی اقدام کی تائید نہیں کرتی جس کا مقصد عسکری کارروائی کے ذریعے کسی ریاست کی حکومت گرانا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات ثابت کرتے ہیں کہ اس نوعیت کے فیصلوں سے قبل واضح قانونی جواز اور بین الاقوامی قانون سے مطابقت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ برطانوی افواج کو کسی فوجی کارروائی میں اس وقت تک شامل نہیں کریں گے جب تک انہیں مکمل اطمینان نہ ہو کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کے مطابق ہے۔

تاہم برطانوی حکومت نے امریکا کی درخواست پر اپنے فوجی اڈوں کو دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق امریکی افواج کو برطانوی اڈوں سے ایران کے میزائل مقامات کے خلاف دفاعی اقدامات کی اجازت دی گئی ہے۔

اس فیصلے کے بعد سر کیئر اسٹارمر کو اندرونِ ملک سیاسی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ایران کے خلاف جنگ میں براہِ راست شامل نہ ہونے کے ابتدائی اعلان کو بعض حلقوں نے سراہا، تاہم امریکی افواج کو برطانوی اڈوں کے استعمال کی اجازت دینے پر تنقید بھی کی گئی۔

یاد رہے کہ برطانوی اڈوں کے استعمال کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم کے مؤقف کو مایوس کن قرار دیا تھا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.