مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، پاکستان میں پیٹرول کتنا مہنگا ہونے کا امکان ہے؟
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ہی دن میں 5.79 فیصد اضافے کے بعد 77.09 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جبکہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق اگر بحران طویل ہوا اور آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل متاثر رہی تو خام تیل 100 ڈالر فی بیرل تک بھی جا سکتا ہے۔
ماہرین توانائی کا کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اس اضافے کے نتیجے میں پاکستان میں آئندہ 15 روزہ نظرثانی کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے، جبکہ ڈیزل 20 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہو سکتا ہے، اور اگر خام تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل کو کراس کرتی ہے تو قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔