فرانس کا قبرص کو اینٹی میزائل اور اینٹی ڈرون دفاعی نظام فراہم کرنے کا اعلان
نکوسیا/پیرس – فرانس نے قبرص کو جدید دفاعی نظام فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اینٹی میزائل اور اینٹی ڈرون سسٹمز قبرص کے حوالے کیے جائیں گے۔
قبرص کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق یہ اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کیا جا رہا ہے تاکہ جزیرہ ملک کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ اسٹیفن سیجورنے نے کہا ہے کہ اگر شراکت دار ممالک مدد کی درخواست کریں تو فرانس ان کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران سے متاثرہ علاقوں میں تقریباً چار لاکھ فرانسیسی شہری موجود ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح ان کی سلامتی کو یقینی بنانا اور تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فرانس کی جانب سے قبرص کو دفاعی نظام کی فراہمی یورپی سلامتی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔