ایران کا یورپ کو انتباہ: جنگ میں شمولیت کو اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا
تہران – ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جاری حملوں میں شریک ہونے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر اسے براہِ راست جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسماعیل بقائی نے کہا کہ اگر یورپ ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہوتا ہے تو تہران اسے اعلانِ جنگ تصور کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی کسی بھی کارروائی کو جارح ممالک کے ساتھ شراکت داری سمجھا جائے گا، جس کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ فریقین پر عائد ہوگی۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ سپریم لیڈر کے قتل جیسے کسی اقدام سے خطے میں تنازع اور تصادم مزید خطرناک صورت اختیار کر سکتا ہے۔
ایرانی حکام کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر ہے اور عالمی طاقتوں کی ممکنہ شمولیت کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ تہران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کا سخت جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔