ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ کی تقریب اور تدفین ملتوی کردی گئی
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازجنازہ جو پاکستان کے وقت کے مطابق رات ساڑھے 10 بجے شروع ہونا تھی، ملتوی کر دی گئی ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ تقریب میں تاخیر کی وجہ انتظامی مسائل ہیں۔ ان مسائل میں مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے شرکت کی بڑی تعداد میں موصول ہونے والی درخواستیں بھی شامل ہیں، جس کے باعث انتظامات کو حتمی شکل دینے میں وقت درکار ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں مرحوم سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جانا تھا، جسے ایرانی میڈیا کے مطابق تین روز تک جاری رکھا جانا تھا، جبکہ جنازے کے جلوس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جانا تھا۔
ایران کی اسلامی تبلیغاتی کونسل کے سربراہ حجت الاسلام محمودی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ عوام رات 10 بجے سے امام خمینی مصلیٰ میں مرحوم رہنما کے جسدِ خاکی کو خراجِ عقیدت پیش کر سکیں گے۔ ان کے مطابق مصلیٰ عام شہریوں کے لیے کھلا رکھا جانا تھا تاکہ لوگ بڑی تعداد میں شرکت کر سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تقریب کی نئی تاریخ اور وقت کا اعلان جلد کیا جائے گا۔