مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: اسرائیلی اور دبئی کی باسکٹ بال ٹیموں کے میچ دوسرے ممالک منتقل
یروشلم – مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کی باسکٹ بال ٹیموں کے میچ دوسرے ممالک میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یورپ کی باسکٹ بال تنظیم یورو لیگ باسکٹ بال کے مطابق اسرائیلی کلب ہاپوئیل تل ابیب اپنے میزبان میچ صوفیہ، بلغاریہ میں کھیلے گا جبکہ مکابی تل ابیب اپنے مقابلے بلغراد، سربیا میں منعقد کرے گا۔
اسی طرح دبئی باسکٹ بال کی میزبانی میں ہونے والے میچ سرائیوو، بوسنیا و ہرزیگووینا میں کھیلے جائیں گے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث ان ٹیموں کے لیے اپنے ملک میں مقابلوں کا انعقاد ممکن نہیں رہا، جس کے بعد عارضی طور پر متبادل مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ادھر باسکٹ بال کے دوسرے درجے کے مقابلوں یورو کپ باسکٹ بال میں ہاپوئیل یروشلم اپنی باقی میزبانی کے میچ بھی بلغراد میں کھیلے گا۔
تنظیم کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات میں تبدیلی کی صورت میں آئندہ فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ بعض مقابلوں کے شیڈول میں رد و بدل بھی کیا جا سکتا ہے۔