امریکا کا ایران میں زمینی فوج بھیجنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں، وائٹ ہاؤس
واشنگٹن – وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکا کا فی الحال ایران میں زمینی افواج داخل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اس اہم بحری گزرگاہ میں تیل بردار جہازوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ امریکا ایران کے معاملے پر مضبوط پوزیشن میں ہے اور امریکی عوام اس جنگ کے حوالے سے ان کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران گزشتہ 47 برس سے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔
کیرولائن لیویٹ کا کہنا تھا کہ امریکی عوام جانتے ہیں کہ ایران ایک باغی اور دہشت گرد ریاست ہے۔ ان کے مطابق ایران میں فوجی کارروائی کے بعد آئندہ حکمتِ عملی کے بارے میں صدر ٹرمپ اپنے مشیروں سے مسلسل مشاورت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسپین بھی امریکی فوج کے ساتھ تعاون کے لیے رضامند ہے۔