رجیم تبدیل کرنے کی کوشش ہوئی تو اسرائیلی جوہری مرکز کو نشانہ بنائیں گے، ایرانی فوجی عہدے دار کی دھمکی
تہران – ایران کے ایک اعلیٰ فوجی عہدے دار نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور امریکا نے ایران میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی تو اسرائیل کے حساس جوہری مرکز دیمونا جوہری مرکز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی عہدے دار کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی بیرونی مداخلت یا حکومت گرانے کی سازش کا فیصلہ کن اور سخت جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو ملک دشمنوں کی اہم عسکری اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی فوجی عہدے دار نے خاص طور پر دیمونا جوہری ری ایکٹر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسرائیل کے اس اہم مرکز سمیت دیگر اسٹریٹیجک اہداف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی خود مختاری اور سیاسی نظام کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے اور اگر ملک میں رجیم تبدیل کرنے یا جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے اثرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔