محکمہ موسمیات نے آئندہ تین ماہ کا موسمی آؤٹ لک جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق مارچ سے مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ سے مئی کے دوران ملک کے وسطی اور مغربی علاقوں میں بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے جنوبی خیبر پختونخوا، وسطی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کے بڑھتے اثرات کے باعث بہار کے موسم میں بارشوں میں اضافہ متوقع ہے۔سندھ میں مارچ سے مئی کے دوران بارشیں معمول کے مطابق رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اسی طرح بلوچستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارشیں معمول کے مطابق رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ سے مئی تک ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خصوصا گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔