پاکستانی بندرگاہوں کی عارضی بندش کا نوٹیفکیشن جعلی قرار
سوشل میڈیا پر پاکستانی بندرگاہوں کی عارضی بندش کا نوٹیفکیشن جعلی قرار دیدیا گیا۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیکر کے مطابق 10 مارچ 2026 تک بندرگاہیں بند کرنے کی خبر من گھڑت ہے اور اس حوالے سے کوئی سرکاری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ نوٹیفکیشن من گھڑت ہے۔ فیکٹ چیکر کے مطابق کابینہ ڈویژن یا وزارت بحری امور کی جانب سے ایسا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ 10 مارچ 2026 تک بندرگاہیں بند کرنے کی خبر بھی جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ کابینہ ڈویژن یا وزارت بحری امور نے بندرگاہوں کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں سے محتاط رہیں