تورخم مارکیٹ افغانستان کو طالبان نے خود آگ لگا کر پاکستان پر الزام لگا دیا

0

تورخم بارڈر کے قریب افغان حدود میں واقع تجارتی مارکیٹ میں ہفتہ کی علی الصبح لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 150 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں جبکہ تاجروں کو کروڑوں روپے مالیت کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ صبح تقریباً چار بجے پیش آیا جب مارکیٹ کے مختلف حصوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ چند گھنٹوں میں مارکیٹ کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق تاجروں کو تقریباً 300 ملین افغانی کا نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ کئی گھنٹوں تک بھڑکتی رہی جس کے باعث تورخم کی مصروف تجارتی مارکیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور درجنوں تاجروں کا سرمایہ راکھ میں تبدیل ہو گیا۔
طالبان حکام نے واقعے کے فوراً بعد اس کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے، تاہم سیکیورٹی ذرائع نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ مارکیٹ افغان حدود میں واقع ہے اور پاکستانی فورسز کی جانب سے سرحد عبور کر کے اس قسم کی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے کچھ دیر قبل علاقے میں طالبان کے مسلح اہلکاروں کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ آگ اندرونی کارروائی یا بدانتظامی کے باعث لگی ہو جس کے بعد اس کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.