لاہور – چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ Mohsin Naqvi نے بے روزگار قومی ہاکی کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو آٹھ برس بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے اور پی سی بی ہاکی کھلاڑیوں کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج کے اخراجات بھی پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا جبکہ فٹنس اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی میں بھی مکمل تعاون کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح ہاکی کھلاڑیوں کی معاونت جاری رکھی جائے گی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ Khawaja Junaid نے محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حمایت سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور مشکل وقت میں اس تعاون نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
