پاکستان نے اسپین میں موجود غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن کو ایک ہفتے کے اندر اندر پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں اسپین میں موجود غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن کو ایک ہفتے کے اندر اندر پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پاکستانیوں کیلئے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسپین میں غیرقانونی تارکین وطن افراد کو قانونی حیثیت دینے کی رجسٹریشن شروع سے قبل تمام پاکستانیوں کو ضروری دستاویزات جاری کر دی جائیں گی ۔
سالک حسین نے اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ دینے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اسپین کی اسکیم سے 15 ہزار پاکستانی بھی فائدہ اٹھائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو ہرگز پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے ۔ اسپین میں پاکستانی سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کیلئے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
