امریکا کی نامور ٹینس اسٹار Jessica Pegula نے چارلسٹن اوپن کے فائنل میں یوکرین کی کھلاڑی جولیا سٹوروڈوبسیوا کو شکست دے کر کامیابی سے اپنے ٹائٹل کا دفاع کر لیا ہے۔
امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا کے شہر چارلسٹن میں کھیلے گئے Charleston Open کے فائنل میں 32 سالہ پیگولا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو سیدھے سیٹس میں 2-6 اور 2-6 سے شکست دی۔ یہ مقابلہ تقریباً ایک گھنٹہ 22 منٹ تک جاری رہا۔
اس فتح کے ساتھ جیسیکا پیگولا نے اپنے کیریئر کا مجموعی طور پر 11 واں ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔ وہ اس ایونٹ میں مسلسل دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز صرف سرینا ولیمز کے پاس تھا جنہوں نے 2012 اور 2013 میں مسلسل کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
گزشتہ سال بھی پیگولا نے اسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی ہم وطن کھلاڑی صوفیہ کینن کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ رواں سیزن میں یہ ان کی دوسری بڑی کامیابی ہے، اس سے قبل وہ فروری میں دبئی چیمپئن شپ بھی جیت چکی ہیں۔
میچ کے بعد پیگولا نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کی بھرپور حمایت نے انہیں پورے ٹورنامنٹ کے دوران مشکل مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد دی۔ وہ اس سیزن میں اب تک 24 فتوحات کے ساتھ سب سے زیادہ میچز جیتنے والی کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔
