چین کے مایہ ناز کیوئسٹ اور عالمی چیمپئن Zhao Xintong نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دنیا کے نمبر ون کھلاڑی Judd Trump کو 3-10 سے شکست دے کر پہلی بار ٹور چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے BBC کے مطابق انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں کھیلے گئے فائنل میں 29 سالہ ژاؤ شن ٹونگ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے آخری سیشن میں مسلسل چار فریمز جیتے اور جڈ ٹرمپ کی واپسی کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔
اس کامیابی کے ساتھ ژاؤ شن ٹونگ ایک ہی سیزن میں تین بڑے ٹورنامنٹس (پلیئرز سیریز) جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہیں اس فتح پر ایک لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کی انعامی رقم ملی، جس کے بعد وہ رونی او سلیوان اور جڈ ٹرمپ کے بعد ایک ہی سیزن میں 10 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کمانے والے تاریخ کے تیسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ژاؤ شن ٹونگ اب تک اپنے کیریئر کے تمام چھ رینکنگ فائنلز جیت چکے ہیں، جو کارنامہ اس سے قبل صرف سٹیو ڈیوس، مارک ولیمز اور نیل رابرٹسن جیسے عظیم کھلاڑیوں نے انجام دیا تھا۔
فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ژاؤ شن ٹونگ نے کہا کہ جڈ ٹرمپ ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور اس بڑے اعزاز کو حاصل کر کے وہ خود کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جڈ ٹرمپ نے شکست کے باوجود اپنے حریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ژاؤ شن ٹونگ اس وقت دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنی شکست کی ایک وجہ اپنی کیو سٹک کی نوک (ٹپ) میں خرابی کو بھی قرار دیا۔
اس فتح کے بعد ژاؤ شن ٹونگ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور انہیں آئندہ ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے مضبوط امیدوار (فیورٹ) قرار دیا جا رہا ہے۔
