کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں دو سبزی فروش جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے خلاف شہریوں نے مغربی بائی پاس پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا تاہم وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کر دیا گیا۔
کوئٹہ ہزارگنجی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سبزی فروش جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر بی ایم سی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے خلاف لواحقین اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مغربی بائی پاس کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو احتجاجی دھرنے میں پہنچے، جہاں انہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ان کے مطالبات سنے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کرتے ہوئے مغربی بائی پاس کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔
