چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے، جسے پاک چین تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق رواں سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات “چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابل تسخیر” ہیں۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعاون، خطے کی صورتحال اور اسٹریٹجک شراکت داری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو خطے کے امن اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کو ماضی میں بھی “آئرن برادرز” کی شراکت داری کہا جاتا رہا ہے، جبکہ اقتصادی، دفاعی اور سفارتی شعبوں میں دونوں ممالک کا تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔


