کراچی کے علاقے سعود آباد میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب نادرا پاسپورٹ آفس کے پاس پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ خاتون کی شناخت نادیہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی گاڑی میں سوار تھے اور گاڑی پر پانچ سے چھ گولیاں لگیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی کو دونوں اطراف سے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ نے آج ملیر کورٹ میں شوہر کے حق میں بیان دیا تھا، جس کے بعد دونوں حیدرآباد جارہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تعاقب کے بعد فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کیا۔
ذرائع کے مطابق پسند کی شادی پر تھانہ سچل میں مقدمہ بھی درج تھا جبکہ عدالت نے خاتون کو 63 سی آر پی سی کے تحت بری کیا تھا۔
