قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندرپار پاکستانیز کا اجلاس، وزارت کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کے اجلاس میں ارکان نے وزارت اوورسیز کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ کے پاس موجود ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تقریباً ساڑھے 300 ارب روپے واپس منتقل کرنے کی ہدایت کر دی تاکہ یہ رقم مزدوروں کی فلاح پر خرچ کی جا سکے۔

چیئرمین رفیع اللہ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت اوورسیز پاکستانیز کی کارکردگی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کا جائزہ لیا گیا۔ رکن کمیٹی مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ امیگریشن پالیسی کی منظوری سے کمیٹی کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ اجلاس کا ایجنڈا بھی بروقت فراہم نہیں کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے وفاقی وزیر کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر پارلیمانی نگرانی کے لیے وزیر کی شرکت ضروری ہے۔

سیکرٹری نے بتایا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تقریباً  ساڑھے تین سو  ارب روپے وزارت خزانہ کے پاس موجود ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا یہ غریب مزدوروں کا پیسہ ہے، اسے واپس لے کر صوبوں کو منتقل کیا جائے تاکہ مزدوروں کی فلاح پر خرچ ہو سکے۔

کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں فنڈز کی منتقلی کا لائحہ عمل پیش کرنے اور رقم متعلقہ اکاؤنٹس میں واپس منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں وزارت اوورسیز کے ایڈیشنل سیکرٹری کی جانب سے متعدد معاملات پر لاعلمی کے اظہار پر بھی ارکان نے تنقید کی۔  ای او بی آئی میں رجسٹرڈ افراد کے اعداد و شمار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے حکام کو آئندہ اجلاس میں مکمل تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کر دی گئی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے