کراچی: دنیا کے سب سے بڑے کنٹینر جہازوں میں شمار ہونے والا میگا کنٹینر جہاز MSC ERICA گزشتہ روز کراچی پورٹ پرپہنچ گیا۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مطابق جہاز کی آمد نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ کراچی پورٹ انتہائی بڑے کنٹینر جہازوں کو محفوظ اور مؤثر انداز میں سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق MSC ERICA کی لمبائی 398.5 میٹر اور چوڑائی 59 میٹر ہے، جبکہ اس کی گنجائش 20 ہزار ٹی ای یوز (TEUs) ہے۔ جہاز کا گراس ٹنیج (GT) 194,308 میٹرک ٹن اور ڈرافٹ 12.0 میٹر ہے، جس کے باعث اسے دنیا کے بڑے کنٹینر جہازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
کراچی پورٹ پر کارگو آپریشنز کے دوران MSC ERICA سے 3 ہزار سے زائد کنٹینرز کی ہینڈلنگ متوقع ہے۔ آپریشنز کی تکمیل کے بعد یہ جہاز اپنی اگلی منزل دالیان، چین کے لیے روانہ ہوگا۔
ترجمان کے پی ٹی کے مطابق MSC ERICA کے ماسٹر نے کراچی پورٹ کے پائلٹس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جہاز کی محفوظ رہنمائی اور پرتپاک مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے کراچی پورٹ کو خطے کی بہترین بندرگاہوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے بڑے بحری جہازوں کی محفوظ اور مؤثر ہینڈلنگ کی صلاحیت کی بھی تعریف کی۔
