وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے بتایا کہ ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگرانداز ہوگیا، جہاں پاکستان کی پہلی رورو الیکٹرک گاڑیوں کی شپمنٹ اتاری جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رورو جہاز کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری اور تجارتی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، جو ملک میں جدید لاجسٹکس اور بندرگاہی نظام کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔
جنید انوار چودھری کا کہنا تھا رورو جہازوں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں گاڑیوں کو براہِ راست چلتے ہوئے لوڈ اور اَن لوڈ کیا جاتا ہے، جس سے وقت کی بچت، لاگت میں کمی اور کارگو ہینڈلنگ کی استعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رورو الیکٹرک گاڑیوں کی شپمنٹ پاکستان کی بحری تجارت میں ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ جدید بندرگاہی سہولیات سے ملک کی تجارتی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پورٹ کو عالمی معیار کی جدید شپنگ خدمات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان بین الاقوامی تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے میں مزید نمایاں مقام حاصل کر سکے۔
