حکومت نے فی لیٹر پیٹرول 5 روپے اور ڈیزل 31 روپے مہنگا کر دیا

حکومت نے فی لیٹر پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے کا بڑا اضافہ کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے 20 جولائی تک کیلئے ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 31 روپے 5 پیسے بڑھاتے ہوئے 354 روپے 35 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ۔

فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کا اعلان

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔ایک بار پھر عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، عالمی منڈی میں خاص طور پر ڈیزل کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، ڈیزل کی قیمت تقریبا 110ڈالر سے بڑھ کے تقریبا 140 ڈالر کی سطح تک آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 89ڈالر سے بڑھ کے تقریبا 100 ڈالر تک پہنچ چکی ہے، حکومت کی طرف سے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حکومت کے ساتھ مل کر پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے تکلیف کو جھیلنے کی کوشش کی، حکومت نے تقریبا 130 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی۔حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی آج بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل ہوگا، آئل سیکٹرز میں ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پر سخت ایکشن ہوگا، اب پیٹرول اور ڈیزل کی یومیہ قیمتوں کا بینچ مارک 7 دن کی اوسط قیمت ہوگی، اوگرا ہر روز قیمتوں کا تعین کرے گی۔عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا، حکومت پٹرولیم مصنوعات کے شعبے کو بتدریج آزاد نظام کی طرف لے کر جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے ان کی سربراہی میں شعبے کی اصلاحات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے۔

وزیر پٹرولیم کے مطابق ملک میں تیل اور گیس کی مقامی تلاش بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ترکی کی پٹرولیم کمپنی 20 سال بعد اکتوبر میں سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے اپنا جہاز پاکستان لا رہی ہے۔عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ گردشی قرضے کے معاملے پر کام جاری ہے، جبکہ ریفائنریز کو جدید بنا کر خام تیل کے استعمال اور عالمی مسابقتی قیمتوں پر عوام کو تیل کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

علی پرویز ملک نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ انہیں سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے