کراچی میں بچوں میں ایچ آئی وی کیسز کے بعد 10 سی سی سرنج پر پابندی کے حوالے سے تحفظات سامنے آگئے۔پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے ڈریپ سے 10 سی سی سرنج پر پابندی کے فیصلے پر نظرِثانی کا مطالبہ کردیا۔
چیئرمین نائٹاگ پروفیسر ڈاکٹر خالد شفی نے ڈریپ کو ہنگامی خط لکھ دیا، جس میں 10 سی سی سرنج کو بچوں اور نوزائیدہ مریضوں کے علاج کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 10 سی سی سرنج پر مکمل پابندی سے بچوں کے علاج میں رکاوٹ کا خدشہ ہے، جبکہ این آئی سی یو اور پیڈیاٹرک وارڈز میں 10 سی سی سرنج کا استعمال لازمی ہے۔
طبی ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے اقدامات شواہد کی بنیاد پر کیے جائیں۔
ڈریپ سے 10 سی سی سرنج کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل کرتے ہوئے طبی ماہرین اور پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن پر مشتمل مشاورتی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی کی روک تھام کے اقدامات کے ساتھ بچوں کے علاج کا تسلسل بھی یقینی بنایا جائے۔
