ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے 20 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 24.68 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ چنے کی دال 3.35 فیصد اور مرغی 2.45 فیصد مہنگی ہوگئی۔ ایل پی جی کی قیمت میں بھی 0.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چائے، سرسوں کا تیل، دہی اور مسور کی دال بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو بڑی کمی قرار دی گئی ہے۔ ٹماٹر 1.26 فیصد، آلو 0.73 فیصد اور ڈیزل 0.29 فیصد سستا ہوا، جبکہ کیلے، مونگ کی دال، انڈوں اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
سالانہ بنیاد پر ٹماٹر کی قیمت میں 143.77 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیاز 125.75 فیصد اور گندم کا آٹا 77.41 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 55.41 فیصد، ڈیزل 34.05 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 23.02 فیصد اضافہ ہوا۔ کیلے، مرچ پاؤڈر، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں بھی دو ہندسوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب آلو کی قیمت سالانہ بنیاد پر 30 فیصد کم ہوئی، جبکہ چینی 17.93 فیصد اور مرغی 17.45 فیصد سستی ہوئی۔ چنے کی دال، انڈوں اور مونگ کی دال کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی۔
