امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے حماس کے سربراہ یحیٰ سنوار کی شہادت پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو مبارک باد دی ہے،،
امریکی صدر نے کہا اس واقعے کے بعد غزہ میں جنگ بندی کی امیدیں قوی ہو گئی ہیں،، جرمنی پہنچنے پر جوبائیڈن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو یحیٰ سنوار کی شہادت کی مبارک باد دی ہے،، غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا یہ بہترین موقع ہے،،
امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اس واقعے پر خوشی کا اظہار کیا اورغزہ میں جنگ بندی کا موقع قرار دیا،، انہوں نے کہا اسرائیل کو دفاع کا پورا حق حاصل ہے،، اب اس جنگ کو ختم ہونا چاہیئے،، اسرائیل اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کو ممکن بنایا جائے،،
گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خارجہ نے غزہ کی ایک عمارت میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی اپنے 3 کماندڑوز کے ساتھ ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا اور اسرائیل کی ڈیفنس فورس کی جانب سے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں ایک شخص کو ایک تباہ حال گھر میں صوفے پر زخمی حالت میں بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے، زخموں سے چور شخص کو آخری لمحات میں بھی اسرائیل کے ڈرون کیمرے پر لکڑی کے ٹکڑے سے حملہ آور ہوتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم حماس کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی با ضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔