قائداعظم فاؤنڈیشن یو ایس اے، ہیوسٹن کے پانچ رکنی وفد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ڈاکٹر آصف قدیر اور طاہر رضا بھٹی نے کی۔ ملاقات پاکستان مشن میں ہوئی۔ ملاقات میں قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں یوم پیدائش کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں بانی پاکستان کی سالگرہ منانے کے لیے مختلف خیالات پیش کیے۔ اس موقع پر ایسی تقریب کے انعقاد پر غور کیا گیا جو قائداعظم کی شخصیت اور قومی خدمات کے شایانِ شان ہو۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے قائداعظم کے پیغام اور تعلیمات کو فروغ دینے کی فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں تک قائداعظم کا پیغام پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر نے کہا کہ ایسی کوششیں نوجوان نسل کو قائداعظم کے نظریات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے تحریک پاکستان کی اقدار اور قائداعظم کے سیاسی فلسفے سے نوجوانوں کی آگاہی بڑھانے کی کوششوں کو بھی اہم قرار دیا۔
