امریکا نے ایران کے ساتھ جاری تنازعے کے باعث جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کردی ہیں۔ یہ مشقیں اگلے ماہ ہونے والی تھیں۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے مشقیں منسوخ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جنوبی کورین حکام کے مطابق امریکا نے فوجیوں کی کمی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
جنوبی کورین فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ایران جنگ کے باعث امریکی فوجیوں کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ اسی وجہ سے مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکا اور جنوبی کوریا مشقوں کی بحالی پر مشاورت کر رہے ہیں۔ تاہم ان کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ دونوں ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فوجی مشقیں کرتے ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد شمالی کوریا کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی تیاری کرنا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ان مشقوں کو مہنگا قرار دیا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق ایسی مشقیں شمالی کوریا کو امریکا اور جنوبی کوریا کی دشمنی کا پیغام دیتی ہیں۔امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ اپنے تعلقات کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان انتہائی اچھے تعلقات رہے ہیں۔
