شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو امریکی میزائل اور دیگر فوجی سازوسامان فروخت کرنے کی منظوری پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ پیانگ یانگ نے امریکی ہتھیاروں کی فروخت کو اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو امریکی اسلحہ فراہم کرنے کی مذمت کی ہے۔
شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کی شمالی کوریا کے خلاف دشمنی ایک بار پھر واضح ہوگئی ہے۔ ترجمان کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادی ایشیا پیسیفک خطے میں فوجی تعاون بڑھا رہے ہیں۔ ان کے بقول اس عمل سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شمالی کوریا نے کہا کہ جنوبی کوریا کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے علاقائی سیکیورٹی پر اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پیانگ یانگ کا مؤقف ہے کہ جنوبی کوریا کی فوجی صلاحیت میں اضافہ خطے میں طاقت کا توازن متاثر کرسکتا ہے۔ امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے معاملے نے دونوں کوریاؤں کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید نمایاں کردیا ہے۔
