مہنگائی اور شرح سود میں مسلسل کمی پر قومی بچت اسکیموں پر منافع میں بھی بڑی کمی کر دی گئی ہے،، سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع میں سب سے بڑی 3.6 فیصد کی کمی آئی ہے،، وزارت خزانہ نے نئے ریٹس کا اعلان کر دیا،،
بچت اسکیموں کے منافع کی شرح پر تمام زمروں میں نظر ثانی کی گئی ہے تاہم پنشنرز، شہدا اور بیواؤں کے لیے بہبود اسکیم میں معمولی کمی کی گئی ہے۔
سب سے بڑی کٹوتی اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر اثر انداز ہوئی جہاں 3.6 فیصد پوائنٹس کی کمی ہوئی یعنی منافع 15.20 فیصد سے گھٹ کر 11.60 فیصد رہ گیا ہے۔
اسپیشل سیونگز اکاؤنٹس پر بھی 2.20 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور اب یہ شرح 15.20 فیصد کے بجائے 13 فیصد ہے۔
ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں 0.60 فیصد کی معمولی کٹوتی دیکھی گئی جس سے منافع 12.72 سے کم کرکے 12.12 فیصد کردیا گیا۔
اسلامی اکاؤنٹس پر بھی اثر پڑا ہے، سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) اور سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) پر منافع 3.09 فیصد کم ہوکر 14.25 فیصد سے کم ہوکر 11.16 فیصد رہ گیا۔
شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ جیسے فلاحی اکاؤنٹس کے ریٹرن میں 0.24 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی جو 14.16 سے اب 13.92 فیصد ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں حالیہ کمی کی وجہ سے مالیاتی مارکیٹ میں ان کٹوتیوں کی بڑی حد تک توقع کی جا رہی تھی۔