چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد کا بیلاروس کا سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ دورے کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے پارلیمانی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
بیلاروس کی نیشنل اسمبلی کی کونسل آف دی ریپبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا نے وفد کی میزبانی کی۔ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
دورے کی اہم پیش رفت پاکستان کے سینیٹ اور بیلاروس کی کونسل آف دی ریپبلک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط تھے۔
اس یادداشت کا مقصد دونوں پارلیمان کے درمیان باقاعدہ روابط کو فروغ دینا ہے۔ اس میں قانون سازی کے تجربات کے تبادلے اور پارلیمانی وفود کے رابطوں کو بڑھانے کی گنجائش بھی شامل ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی کمیٹیوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قانون سازی کے تجربات اور بہترین طریقوں کے تبادلے کی بھی حمایت کی۔دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
