کراچی (وژن پوائنٹ)ملکی تجارت نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔قومی لاجسٹک ادارے نے پاکستان اور یورپ میں کے درمیان تجارت میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان کی بذریعہ سڑک پہلی شپمنٹ پولینڈ پہنچ گئی۔
وژن پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق بذریعہ پہلا قافلہ گارمنٹس لے کر وارسا پہنچا۔ این ایل سی کے ٹرکوں نے 7 ہزار 474 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ پاکستان کے تجارتی قافلے کے ٹرک بذریعہ سڑک افغانستان، ترکمانستان، آذربائیجان، ترکیہ، بلغاریہ، سربیہ، ہنگری، سلواکیہ سے ہوتے ہوئے پولینڈ پہنچے۔
پاکستان سے تجارتی قافلوں کے سڑک کے ذریعے یورپ پہنچنے سے نہ صرف سفری اخراجات میں کمی آئے گی ان ممالک سے پاکستان کے تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ این ایل سی کا وارسا پہنچناٹرانزٹ تجارت کو یورپ تک وسیع کرنے میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ جون میں نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (این ایل سی) نے قازقستان سے دبئی تک بذریعہ روڈ سامان کی کامیاب ترسیل کو ممکن بنایا۔ قازق کمپنیوں کے تعاون سے افغانستان کے راستے دبئی تک کارگو کی پہلی کھیپ کی ترسیل ممکن بنائی۔
این ایل سی کی طرف سے اس منصوبے کے لیے 21 ٹن لوڈ کے 2ٹرکوں پر مشتمل زیٹیجن ٹرانسپورٹ لاجسٹکس سینٹر سے اپنے سفر کا آغاز کیا گیا۔ ٹرکوں نے کراچی تک 4,900 کلو میٹر کا فاصلہ صرف 20دن میں مکمل کرکے کراچی میں کنٹینرز کو فیڈر جہاز پر لادا۔
سفر کے آخری مرحلے میں کارگو جبل علی بندرگاہ پر پہنچ کر تجارتی سامان کی آزمائشی منصوبے کی کامیاب تکمیل علاقائی راہداری کے لیے اہم سنگ میل تھا۔ راہداری کے فعال ہونے سے قازقستان کے برآمد کنندگان کے لیے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوئی۔