امریکی ریاست کیلیفورنیا میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات میں شامل کرلیا گیا۔ گورنر گیون نیوزوم نے اسمبلی بل AB 2017 پر دستخط کردیئے۔ اس کے بعد یہ قانون بن گیا۔
AB 2017 کو اسمبلی ممبر میٹ ہینی نے پیش کیا تھا۔ بل میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو کیلیفورنیا کے ریاستی تعطیلات کے قانون میں شامل کیا گیا ہے۔
قانون کے تحت ریاستی اور اسکول ملازمین عید کے موقع پر موجودہ چھٹی یا پرسنل ہالی ڈے کریڈٹ استعمال کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری اسکول اور کمیونٹی کالجز مقامی معاہدوں کے تحت عید کے دن بند ہوسکیں گے۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کی کیلیفورنیا شاخ نے قانون کی منظوری اور گورنر کے دستخط کا خیر مقدم کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق اس قانون سے مسلم ملازمین اور طلبہ کو عید منانے میں سہولت ملے گی۔
CAIR-CA کے مطابق کیلیفورنیا میں دس لاکھ سے زیادہ مسلمان رہتے ہیں۔ تنظیم نے قانون کو مسلم کمیونٹی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
میٹ ہینی نے مارچ میں بل پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیلیفورنیا ملک کی بڑی اور متحرک مسلم کمیونٹیز میں شامل ہے۔ ان کے مطابق مسلم کمیونٹی کی مذہبی روایات احترام کی حق دار ہیں۔
