بھارتی بحریہ کا ملاح خفیہ معلومات غیر ملکی ایجنٹ کو دینے کے الزام میں گرفتار

بھارتی بحریہ کے 31 سالہ ملاح کو حساس دفاعی معلومات غیر ملکی انٹیلی جنس تک پہنچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتاری تمل ناڈو کے شہر کوئمبٹور میں ہوئی۔

حکام نے گرفتار ملاح کی شناخت پردیپ مکھرجی کے نام سے کی ہے۔ وہ مغربی بنگال سے تعلق رکھتے ہیں اور 2014 میں بھارتی بحریہ میں شامل ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پردیپ مکھرجی وشاکھاپٹنم میں قائم ایسٹرن نیول کمانڈ میں تعینات ہیں۔وہ کوئمبٹور میں قائم آئی این ایس اگرانی نیول لیڈرشپ ٹریننگ سینٹر میں انتظامی کورس کے لیے پہنچے تھے۔ اسی دوران انہیں کاؤنٹر انٹیلی جنس ٹیم نے حراست میں لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق ملاح کا سوشل میڈیا کے ذریعے ایک غیر ملکی خاتون سے رابطہ ہوا تھا۔ بھارتی حکام کے مطابق مذکورہ خاتون ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنٹ تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پردیپ مکھرجی گزشتہ چند ماہ سے مذکورہ خاتون کے رابطے میں تھے۔ حکام نے اس رابطے کو مبینہ ہنی ٹریپ سے جوڑا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تفتیش میں یہ الزام سامنے آیا ہے کہ وشاکھاپٹنم نیول بیس پر موجود اہم جنگی جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ان معلومات میں اسٹریٹجک اثاثوں اور آپریشنل طریقہ کار سے متعلق حساس تفصیلات بھی شامل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

آندھرا پردیش پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس سیل نے ملاح کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل شواہد کے ذریعے مبینہ رابطوں اور معلومات کی منتقلی سے متعلق شواہد اکٹھے کیے گئے۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے