وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی جس دوران خیبر پختونخوا کی صورتحال پر اعتماد میں لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن، معیشت، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹیکنوکریٹ کونسل قائم کی، خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت اقدامات کا فیصلہ کیا، دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے ملکی معیشت کو خطرات لاحق تھے، خیبر پختونخوا حکومت نے دہشت گردی کی واضح مذمت نہیں کی،خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے 800 ارب روپے سے زائد فنڈز دیے۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ خیبر پختونخوا حکومت سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے میں ناکام رہی، سیف سٹیز کے قیام کے لیے بھی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے،پی ٹی آئی حکومت نے 13 سال میں عوامی فلاح کے لیے خاطر خواہ کام نہیں کیا، خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے قربانیاں دیں۔
پارلیمانی وفد نے کہا کہ اتحادی جماعتیں موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اتحادی وفد کا مشکل حالات میں ملک کی قیادت کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وفاقی تعاون سے خیبر پختونخوا میں ترقی اور خوشحالی آگے بڑھے گی۔
