ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی آئیڈیاز 2024 کا افتتاح وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کیا۔ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش کے لیے ایکسپو سینٹر کے 6 ہالز کے علاوہ تین خصوصی مارکیاں بھی بنائی گئی ہیں۔
آئیڈیاز کے 12ویں ایڈیشن میں ایران، اٹلی اور برطانیہ سمیت 17 ممالک پہلی بار شرکت کررہے ہیں۔ نمائش میں 224 مقامی اور 333 بین الاقوامی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جب کہ دفاعی نمائش میں ایک ہال نئے اسٹارٹ اپس کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
نمائش کے دوران نجی ہوٹل میں پاکستان کی دفاعی پیداوار کی صلاحیت پر ایک سیمینار بھی منعقد ہوگا۔ اس دوران پاکستانی ساختہ ٹینک حیدر اور جدید ڈرون شہپر-3 بھی پیش کیے جائیں گے۔ شہریوں کے لئے 21 نومبر کو تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر مبنی ایک شاندار کراچی شو منعقد ہوگا۔
یہ نمائش پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور جدید و روایتی سازوسامان کے ذریعے قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کی عکاسی کرتی ہے۔ آئیڈیاز 2024 غیر ملکی وفود، حکومتی نمائندوں، اور نمائش کنندگان کو نیٹ ورکنگ کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے جدید سہولتوں اور سافٹ ویئرز کے ذریعے نمائش کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔