پاک فوج کے سپہ سالا جنرل عاصم منیر نے کراچی میں جاری دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (ٓئیڈیاز) کا دورہ کیا،، اس موقع پر آرمی چیف نے نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی فوجی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں،،
آئی ایس پی آر کے مطابق آئیڈیاز کے دورے میں آرمی چیف نے دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔
نمائش میں اسلحہ سازی کی 557 کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی،، 333 بین الاقوامی جبکہ 224 مقامی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں،، 36 ممالک نے اسٹالز لگائے، جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔
53 ممالک کے 300 سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں، انہوں نے پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ بامعنی بات چیت بھی کی، تقریب میں گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز پاکستان کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین بغیر پائلٹ جنگی جہاز کا افتتاح کیا گیا، جو اعلی درجے کی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ مزید بتایا کہ یہ بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئیڈیاز 2024 کا 12واں ایڈیشن 19 نومبر سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا آغاز ہوگیا تھا۔
4 روزہ عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے پہلے روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نمائش میں شریک تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے۔