باکو:آذربائیجان میں منعقد ہونے والے عالمی فورم کاپ 29کے اختتام پر وفاقی وزیر مواصلات،نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ و اینڈ انفراسٹرکچر عبدالقادر یورالوغلو کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود برادرانہ اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کی دوستی کئی عشروں پر محیط ہے جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی سے پاکستان میں ہر طرح کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ کو بالخصوص پاکستان کے مواصلات کے شعبے میں جاری منصوبوں سے آگاہ کیا اور اس میں ترکیہ کو شراکت کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آذربائیجان کے وزیر برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف سے بھی ملاقات ہوئی جس میں بالخصوص باکو میں ہونے والے کاپ 29 کے کامیاب سیشن کو سراہا گیا اور آذربائیجان اور پاکستان کے مابین تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خا ن کا کہنا تھا کہ آذربائیجان میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی تعلیم، روزگار اور سیاحت سے منسلک ہے، پاکستان آذربائیجان سے مختلف شعبوں میں جی ٹو جی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے باکو میں اپنے قیام کو خوشگوار اور مثبت قرار دیا جس میں مختلف ممالک کے وزرائے صاحبان سے تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے ٹرانسپورٹ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں پاکستان سے وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کی قیادت میں وفد کی شرکت کو سراہا اور انہیں اپنے ملکوں کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے باکو، آذربائیجان میں کاپ 29کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ سیشن اور ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈ میں شرکت کی اور بین الوزارتی رائونڈ ٹیبل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی ان کی آذربائیجان کے وزیر توانائی میکائیل جیبا روف سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ مجموعی طور پر اس دورے میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور شعبہ مواصلات کے حوالے سے اہم منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔