لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی حادثے کے بعد باجوڑ کے 35 نوجوانوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارتِ اوورسیز کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ اس کے علاوہ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کے لیے متعلقہ ادارے بھی کام کر رہے ہیں۔
مبارک زیب خان کے مطابق ریسکیو آپریشن میں متعلقہ حکام، نیوی، نیٹو اور امدادی اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں جلد پاکستان لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد بھی کی جائے گی۔ اسی مقصد کے لیے نوجوانوں کی تلاش اور متاثرہ افراد کی مدد کے حوالے سے کل ایک خصوصی اجلاس ہوگا۔
مبارک زیب خان نے کہا کہ کشتی حادثے میں محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کا ہر نوجوان ہمارے لیے قیمتی ہے اور اس کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے خاندانوں کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
ان کے مطابق کشتی حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

