وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو اپنے حالیہ دورہ بھارت اور ایس سی او تہذیبی مکالمے میں ہونے والی گفتگو سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس میں ڈاکٹر مصدق ملک کے انداز بیاں اور اردو زبان کے استعمال کی تعریف کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے مکالمے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ اور زمینی حقائق کو بہترین انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے خطے میں پاکستان کے مثبت تاثر اور تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے تحمل اور فکری صراحت پر مبنی سفارتکاری کا ایک نیا معیار متعارف کروایا ہے جو انتہائی قابل تعریف ہے۔

