سندھ ہائی کورٹ کی تاریخ میں پہلا آئینی بینچ تشکیل پا گیا،، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا،، چیف جسٹس پاکستان یحیٰ آفریدی نے کمیشن کے اجلاس کی صدارت کی،، کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کریم خان آغا کی سربراہی میں آٹھ رکنی آئینی بینچ قائم کرنے کی منظوری دے دی
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا تیسرا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس کا واحد ایجنڈا سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کی تشکیل پر غور کرنا تھا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق نائیک، شیخ آفتاب احمد، روشن خورشید بروچہ، وزیر قانون سندھ ضیاالحسن لنجار، اختر حسین، اور دیگر نے شرکت کی۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 4 کے مقابلے میں 11 اکثریتی ووٹوں کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ آئینی بینچز کے لیے ججز کی منظوری دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس کریم خان آغاز سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے سربراہ ہوں گے، جس کی مدت 2 ماہ ہوگی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سلیم جیسر، جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سید، جسٹس عبد المبین لاکھو، جسٹس ذوالفقار علی سنگی،جسٹس ثنا اکرم منہاس، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب علی ہکڑو آئینی بینچ کا حصہ ہوں گے۔