انسپیکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے کہا ہے جن شخصیات کی ایما پر شہر اقتدار پر دھاوا بولا گیا ہے اور مظاہرین پُرتشدد کارروائیاں کر رہے ہیں ان کو بالکل نہیں چھوڑا جائے گا،،
ڈی چوک میں پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا جن کی ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو فوری گرفتار کریں گے اور شرپسندوں سے اسلام آباد کو فوری خالی کروائیں گے،،
علی ناصر رضوی نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا،، کسی شرپسند کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی،، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،،
شرپسندوں نے پولیس پر فائرنگ کی، ہمارے کئی جوان زخمی ہیں، احتجاج کی آڑ میں غیر ملکی شرپسند عناصر جھتے میں موجود ہیں، غیر ملکی شرپسندوں کی نشاندہی کرکے ان کا قلع قمع کرنا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے ڈی چوک پر پولیس کے تازہ دم دستے بھجوا دیے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا سے آنے والے پی ٹی آئی کے قافلوں کے شرکا اسلام آباد کے ریڈ زون پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی مختلف مقامات پر پولیس سے جھڑپیں جاری ہیں۔