اسلام آباد: وزیر داخلہ محن نقوی کا کہنا ہے کہ ’بشری بی بی اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ابھی تک مفرور ہیں۔ امید ہیں آج سے حالات معمول پر آ جائیں گے۔
رات کے تقریباً ڈیڑھ بجے ڈی چوک پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ فوری طور پر سڑکیں کلیئر کرکے کھول دیں اور کل سے سکول کھول دیں۔
انھوں نے کہا کہ سکولوں میں چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ورنہ ہم آج سے سکول کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اب کل سے سکول کھل جائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ بھی آج سے بحال ہو جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امید ہے آج نیا دن نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہو گا۔سنگجانی پر بات ہو گئی تھی، انھوں نےکہا راستے کھول دیں اور ہم نے راستہ کھول دیا مگر ان کی قائم مقام صدر نے عمران خان کا حکم ماننے سے انکار کر دیا۔‘
انھوں نے سکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارا دن آپ نے جس طرح کام کیا وہ شاندار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کے متعلق فیصلہ کر لیا ہے چند روز میں سامنے لائیں گے۔
انھوں نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ نے کتنی دفعہ یہ چیزیں کرنی ہیں، سٹاک مارکیٹ کو دیکھیں کہاں چلی گئی۔