پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے تیار کردہ ہائبرڈ ماڈل کا پلان یکسر مسترد کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی نے جمعے کے روز شیڈول آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں نیا پلان لانے کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں نئے پلان کے ساتھ آئے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ پاکستان بار بار بھارت جاکر کھیلے اور بھارت پاکستان نہ آئے۔
قبل ازیں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے رات گئے قذافی اسٹیڈیم کےتفصیلی دورے میں نئے تعمیرکردہ اسٹیپ کا معائنہ کیا اور اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں جس کے بعد ایف ڈبلیو او کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پروجیکٹ کا مجموعی طور پر 70 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے، انکلوژرز کے اسٹیپ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، مین بلڈنگ کے فلورز مکمل کرلیے گئے ہیں اور پویلین و باکسز کا کام بھی آخری مرحلے میں داخل ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک مرتبہ چیمپینز ٹرافی پر سخت مؤقف دہرایا اور واضح کیا کہ اگربھارت پاکستان میں نہیں کھیلےگا توپاکستان بھی بھارت جاکر نہیں کھیلےگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میٹنگ میں جو بھی فیصلہ آیا، اس پر حکومتی ہدایات کے مطابق عمل کیا جائے گا۔