ممبئی: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کرکٹ ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے ہندوستان کے فیصلے پر تنازع سیاسی میدان میں بھی پہنچ گیا ہے۔بھارتی اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجاشوی یادو نے حکومت سے سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کرکٹر آر جے ڈی کے رہنما نے سوال کیا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں، تو ٹیم چیمپئنز ٹرافیکے لیے سرحد پار کیوں نہیں جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، انہیں ہمارے ملک میں آنا چاہیے، اور ہمارے کھلاڑیوں کو بھی وہاں جانا چاہیے۔ کھیلوں میں کیا مسئلہ ہے؟ ایسا نہیں ہے کہ کھیلوں میں جنگ ہو رہی ہو، ہندوستان کو کیوں نہیں جانا چاہیے۔ اگر پی ایم مودی پاکستان جا کر بریانی کھا سکتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے لیکن اگر ہندوستانی ٹیم پاکستان میں کھیلنے جاتی ہے تو یہ سوچنے کا صحیح طریقہ نہیں ہے۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان جانے سے انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل مشکوک کر دیا ہے۔ بھارت نے اپنے میچوں کے لیے ایک ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا ہے، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات غیر جانبدار مقام کے لیے اس کا ترجیحی انتخاب ہیں۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی برڈ ماڈل سے انکار کردیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2008 میں کیا تھا، جب اس نے ایشیا کپ میں شرکت کی تھی۔ روایتی حریفوں نے آخری بار ہندوستان میں 2012-13 میں دو طرفہ سیریز کھیلی تھی۔ تاہم اس کے بعد سے سیاسی تعلقات میں بگاڑ نے دونوں فریقوں کو صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ہی آمنے سامنے دیکھا ہے۔