منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ محکمہ انصاف کو ہدایت دیں گے کہ امریکی شہریوں کو قاتلوں، جنسی زیادتی کے مجرموں اور دیگر سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے والوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ان مجرمان کے لیے سزائے موت کی سختی سےپیروی کی۔
ٹرمپ کا یہ بیان موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے 37 قیدیوں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ صدر جو بائیڈن نے اپنے عہدے کے آخری ماہ کے دوران گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ پرول کے امکان کے بغیر وفاقی سطح پر پھانسی کے منتظر 40 قیدیوں میں سے 37 کی سزائے موت کو عمر میں تبدیل کر رہے ہیں۔
ان میں 9 وہ افراد بھی شامل تھے جنہیں ساتھی قیدیوں کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا، 4 مجرموں نے بینک ڈکیتیوں کے دوران کیے گئے قتل کیے جب کہ ایک مجرم نے جیل کے محافظ کو قتل کیا تھا۔ جو بائیڈن نے حال ہی میں ہمارے ملک کے 37 خطرناک قاتلوں کی سزائے موت ختم کردی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ یہ سب حرکتیں سنتے ہیں تو آپ کو یقین نہیں آتا کہ انہوں نے ایسا کردیا ہے، سمجھ سے بالا تر ہے، رشتے دار اور دوست صدمے کی کیفیت میں ہیں، انہیں یقین نہیں آتا کہ یہ ہو رہا ہے۔
جو بائیڈن نے وفاقی سطح پر سزائے موت پر عمل درآمد پر پابندی عائد کر رکھی تھی لیکن 20 جنوری کو وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے پہلے ان پر مزید کارروائی کرنے کا دباؤ تھا جب کہ ریپبلکن رہنما ٹرمپ کی جانب سے ایسے اشارے مل رہے تھے وہ اس انتہائی سزا کو دوبارہ شروع کریں گے۔