راولپنڈی : پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 5 سال کے مقابلے میں اس سال سب سے زیادہ دہشتگرد مارے گئے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ نومئی سے جڑے منصوبہ سازوں کو سزاؤں تک انصاف نہیں ہوگا، انصاف کا سلسلہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانے تک جاری رہے گا۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، افواجِ پاکستان نے دہشتگردوں سے ایک طویل جنگ لڑی ہے اور لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو کامیابی سے ناکام بنایا، آپریشنز میں دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشنز میں دہشتگردوں کے کئی بڑے نام جہنم واصل کیے گئے، آپریشنز میں 73 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے یومیہ 169 سے زائد آپریشن کیے جارہے ہیں، 2024ء میں 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، فتنہ الخوارج کے متعدد سرغنوں کو جہنم واصل کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے 27 افغان دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 2 خود کش بمباروں کو حراست میں لیا گیا، 14 مطلوب دہشت گردوں نے ہتھیار ڈالے، 383 افسران اور جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے کوشش کی، پاکستان کی تمام تر کوششوں کے باوجود افغان سر زمین سے دہشتگرد پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان تک جاتے ہیں، دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، اسمگلنگ میں بہت حد تک کمی ہوئی ہے، غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں بھی کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم و ستم دنیا کے سامنے ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت دیگر ممالک میں سکھوں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت میں سازش کے تحت اقلیتوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، بھارت اپنے معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے جو اقدامات کر رہا ہے اس سے سول اور عسکری قیادت آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے فالس فلیگ آپریشن کیے، پاکستانی فوج ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مشرقی سرحد پر خطرات کا بخوبی ادراک ہے، بھارت کی جانب سے رواں سال سیز فائر کی 25 خلاف ورزیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں متعدد عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کی ہدایت کی روشنی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، خیبرپختونخوا میں تعلیم کے شعبے کیلئے 6500 پروگرام کا اجرا کیا گیا، بلوچستان میں 3 ڈیموں پر کام ہو رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج عوام کی فلاح کے لیے سماجی اور فلاحی کام کر رہی ہے، پاکستان آرمی میں ٹریننگ کا سلسلہ جوائننگ کے پہلے روز سے ہی شروع ہو جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان آرمی میں کثرت کے ساتھ ٹریننگز کا انعقاد کیا جارہا ہے، افواجِ پاکستان مختلف ملکوں کے ساتھ مل کر مشقوں کا بھی انعقاد کر رہی ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔